سید امجد زیدی اسلامی تحریک پاکستان میں شامل

سید امجد زیدی اسلامی تحریک پاکستان میں شامل، سربراہ اسلامی تحریک علامہ ساجد نقوی سے ملاقات

سید امجد زیدی اسلامی تحریک پاکستان میں شامل

راولپنڈی:

سابق گورنر گلگت بلتستان، سابق اسپیکر گلگت بلتستان اسمبلی اور سابق وزیر تعمیرات عامہ سید امجد زیدی نے اسلامی تحریک پاکستان میں باضابطہ شمولیت اختیار کرلی۔

سربراہ اسلامی تحریک قائد ملت جعفریہ پاکستان علامہ سید ساجد علی نقوی نے سید امجد زیدی کو اسلامی تحریک پاکستان میں خوش آمدید کہا۔

قائد ملت جعفریہ پاکستان علامہ سید ساجد علی نقوی دامت برکاتہ سے گلگت بلتستان کے حلقہ کھرمنگ کی معروف سیاسی شخصیت سید امجد زیدی نے ملاقات کی۔ اس موقع پر اسلامی تحریک پاکستان کے مرکزی ڈپٹی سیکرٹری جنرل سید سکندر عباس گیلانی اور مرکزی سیکرٹری اطلاعات زاہد علی آخونزادہ بھی موجود تھے۔

سید امجد زیدی نے کہا کہ اسلامی تحریک پاکستان گلگت بلتستان میں عوامی حقوق کے حصول کا مؤثر پلیٹ فارم ہے جس نے ہمیشہ سیاست کو عوامی خدمت سے جوڑے رکھا۔ انہوں نے کہا کہ سربراہ اسلامی تحریک قائد ملت جعفریہ پاکستان علامہ سید ساجد علی نقوی کی سرپرستی میں اتحاد و وحدت کی سیاست کو فروغ ملا۔

انہوں نے اسلامی تحریک پاکستان میں شمولیت کو باعث افتخار قرار دیتے ہوئے کھرمنگ کے عوام کی خدمت جاری رکھنے کے عزم کا اظہار بھی کیا۔

اسلامی تحریک پاکستان کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات زاہد علی آخونزادہ نے کہا کہ گلگت بلتستان کے بنیادی حقوق کی جدوجہد میں آئی ٹی پی اپنا مثبت کردار جاری رکھے گی۔