گلگت بلتستان کے 9 حلقوں میں اسلامی تحریک پاکستان کے عوامی اجتماعات، علامہ ڈاکٹر شبیر حسن میثمی خصوصی شرکت کریں گے
گلگت بلتستان میں اسلامی تحریک پاکستان کے زیر اہتمام 30 مئی تا 5 جون 2026ء مختلف اضلاع اور حلقوں میں جلسے، جلوس، عوامی اجتماعات اور تنظیمی پروگرام منعقد کیے جائیں گے، جن میں عوام اور کارکنان کی بڑی تعداد کی شرکت متوقع ہے۔
اس سلسلے میں مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ ڈاکٹر شبیر حسن میثمی خصوصی شرکت کریں گے اور مختلف مقامات پر عوامی اجتماعات سے خطاب بھی کریں گے۔ ذرائع کے مطابق دورۂ گلگت بلتستان کے دوران تنظیمی نشستیں، کارکنان کنونشنز، عوامی رابطہ مہم اور مختلف مکاتب فکر کی شخصیات سے ملاقاتیں بھی شیڈول کا حصہ ہوں گی۔
رہنماؤں کے مطابق اس دورے کا مقصد گلگت بلتستان کے عوام کے مسائل کو اجاگر کرنا، تنظیمی فعالیت کو فروغ دینا، نوجوانوں کو متحرک کرنا اور اتحادِ امت و قومی یکجہتی کے پیغام کو عام کرنا ہے۔ مختلف اجتماعات میں ملکی صورتحال، خطے کے مسائل، عوامی حقوق اور دینی و ملی موضوعات پر بھی گفتگو کی جائے گی۔
اسلامی تحریک پاکستان کی مقامی تنظیموں کی جانب سے استقبالیہ پروگرامز اور عوامی اجتماعات کی تیاریاں جاری ہیں جبکہ مختلف علاقوں میں بینرز، استقبالی کیمپ اور رابطہ مہم بھی شروع کردی گئی ہے۔




