گلگت، 7 جون 2026: گلگت بلتستان قانون ساز اسمبلی کے انتخابات آج منعقد ہو رہے ہیں، جہاں مختلف سیاسی و مذہبی جماعتوں کے امیدوار عوامی حمایت حاصل کرنے کے لیے میدان میں ہیں۔ انتخابات میں تقریباً 400 امیدوار 24 براہِ راست نشستوں پر مدمقابل ہیں جبکہ پورے خطے میں ووٹنگ کا عمل جاری ہے۔
اس موقع پر اسلامی تحریک پاکستان بھی اپنے انتخابی نشان دو تلواروں کے نشان کے ساتھ مختلف حلقوں میں بھرپور حصہ لے رہی ہے۔ اسلامی تحریک گلگت بلتستان کے عوامی، آئینی اور بنیادی حقوق کے تحفظ کے عزم کے ساتھ انتخابی میدان میں موجود ہے۔
اسلامی تحریک کے رہنماؤں کا کہنا ہے کہ گلگت بلتستان کے عوام کو بااختیار بنانا، خطے کے آئینی حقوق کا حصول، نوجوانوں کے لیے روزگار کے مواقع اور بنیادی سہولیات کی فراہمی ان کی ترجیحات میں شامل ہیں۔ جماعت کے امیدوار عوامی رابطہ مہم کے دوران اپنے منشور کو گھر گھر پہنچاتے رہے اور آج عوام کے فیصلے کے منتظر ہیں۔
اسلامی تحریک پاکستان کے کارکنان اور ذمہ داران نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ انتخابی عمل میں بھرپور حصہ لیتے ہوئے دیانتدار، باصلاحیت اور عوامی خدمت کے جذبے سے سرشار امیدواروں کا انتخاب کریں۔




