قائد ملت جعفریہ پاکستان آیت اللہ سید ساجد علی نقوی سے اسلامی تحریک کے رہنماؤں کی ملاقات

راولپنڈی: قائد ملت جعفریہ پاکستان سے اسلامی تحریک کے رہنماؤں کی ملاقاتیں

راولپنڈی:
قائد ملت جعفریہ پاکستان اور سربراہ اسلامی تحریک پاکستان آیت اللہ سید ساجد علی نقوی سے اسلامی تحریک کے مختلف سطحوں کے رہنماؤں نے راولپنڈی میں الگ الگ ملاقاتیں کیں۔ ملاقاتوں میں سانحہ ترلائی اسلام آباد میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے قائد محترم سے تعزیت پیش کی گئی، جبکہ ملکی، تنظیمی اور موجودہ حالات پر تفصیلی تبادلۂ خیال بھی کیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق اسلامی تحریک پاکستان کے سینئر رہ نما اور سابق کوآرڈینیٹر وزیر اعلی گلگت بلتستان جناب حاجی شاہ رئیس خان نے قائد ملت جعفریہ پاکستان سے ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران سانحہ ترلائی اسلام آباد کو دہشتگردی کا المناک واقعہ قرار دیتے ہوئے شہداء کے لواحقین سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا گیا۔ اس موقع پر گلگت بلتستان اور ملک کی مجموعی سیاسی و سماجی صورتحال پر بھی گفتگو ہوئی۔

اسی طرح اسلامی تحریک تحصیل گمبہ کے صدر شیخ سرور میر، تحصیل سکردو کے نائب صدر وزیر مہدی اور ضلع سکردو کے جنرل سیکرٹری شیخ احمد حسین ترابی پر مشتمل وفد نے بھی قائد ملت جعفریہ پاکستان سے ملاقات کی۔ وفد نے سانحہ ترلائی اسلام آباد پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے تنظیمی سرگرمیوں اور عوامی مسائل سے قائد محترم کو آگاہ کیا۔

قائد ملت جعفریہ پاکستان آیت اللہ سید ساجد علی نقوی نے ملاقاتوں کے دوران وفود کی گزارشات کو توجہ سے سنا اور موجودہ حالات میں دینی بصیرت، قومی وحدت اور تنظیمی استحکام پر زور دیتے ہوئے رہنمائی فرمائی۔ قائد محترم کا کہنا تھا کہ دہشتگردی کے واقعات امت مسلمہ کو کمزور کرنے اور ملک میں عدم استحکام پیدا کرنے کی گھناؤنی سازش ہیں، جن کا مقابلہ صبر، شعور اور اتحاد کے ذریعے ہی کیا جا سکتا ہے۔

قائد ملت جعفریہ پاکستان نے سانحہ ترلائی کے شہداء کے درجات کی بلندی، زخمیوں کی جلد صحتیابی اور لواحقین کے لیے صبر جمیل کی دعا کی، جبکہ وفود کو عوامی خدمت اور دینی ذمہ داریوں کو مزید مؤثر انداز میں ادا کرنے کی تلقین بھی کی۔

فیسبک دیکھیں