سربراہ اسلامی تحریک پاکستان علامہ سید ساجد علی نقوی کا علامہ اقبال پر بیان

مفکر و شاعر مشرق نے برصغیر کے مسلمانوں میں جذبہ حریت بیدار کیا، علامہ ساجد علی نقوی سربراہ اسلامی تحریک پاکستان

راولپنڈی / اسلام آباد، 08 نومبر 2026ء ( اسلامی تحریک پاکستان)

سربراہ اسلامی تحریک پاکستان علامہ سید ساجد علی نقوی کہتے ہیں کہ مفکر و شاعر مشرق علامہ محمد اقبال کے افکار و نظریات امت مسلمہ کے ہر دردمند انسان کی آواز تھے۔ آپ نے جہاں برصغیر کے مسلمانوں میں جذبہ حریت بیدار کرنے کی کوشش کی، وہاں قرآن کریم اور سیرت رسولؐ سے عملی استفادہ کرنے، مشاہیر اسلام کے کردار کا مطالعہ کرنے اور اسلامی روایات و اقدار کو رواج دینے کی سعی کی، جبکہ مغربی ثقافت کی کمزوریوں کو بھی اجاگر کیا۔

انہوں نے کہا کہ نہایت افسوس کے ساتھ اس بات کا اظہار کرنا پڑتا ہے کہ مصور پاکستان نے ارض وطن کا جو خواب دیکھا تھا، نصف صدی سے زائد عرصہ گزرنے کے باوجود ہم اسے شرمندۂ تعبیر نہیں کر سکے۔ ان کے کلام سے شعری چاشنی تو حاصل کی گئی، لیکن اس میں موجود پیغام کو نہیں سمجھا گیا۔ ان کے نام سے ادارے تو بنائے گئے، لیکن ان کے پیغام کو عملی شکل دینے کی کوشش نہیں کی گئی۔

سربراہ اسلامی تحریک پاکستان علامہ سید ساجد علی نقوی نے کہا کہ آزادی اور حریت کا جو سلیقہ اقبال نے بتلایا، اس پر عمل کرنے کی ضرورت محسوس نہیں کی گئی۔ شاعر مشرق علامہ محمد اقبال نے قرآن و سنت اور تاریخ اسلام سے جس طرح مثبت انداز میں استفادہ کیا، وہ ان کا طرۂ امتیاز تھا۔ اس استفادے کا واضح اظہار ان کے کلام میں دیکھا جا سکتا ہے، جہاں انہوں نے جگہ جگہ اسلامی اقدار و روایات کو موضوع کلام بنایا ہے۔