اسلام آباد میں امام بارگاہ خدیجہ الکبریٰ پر خودکش حملہ، قائد ملت جعفریہ پاکستان علامہ ساجد علی نقوی کی شدید مذمت
اسلام آباد:
سربراہ اسلامی تحریک قائد ملت جعفریہ پاکستان علامہ سید ساجد علی نقوی نے اسلام آباد کے علاقے ترلائی میں امام بارگاہ خدیجہ الکبریٰ پر ہونے والے خودکش دھماکے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔
علامہ ساجد علی نقوی نے کہا کہ خودکش حملہ انسانیت، مذہبی اقدار اور قومی سلامتی پر براہِ راست حملہ ہے۔ انہوں نے سوگوار خاندانوں سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیے دعا کی اور متعلقہ اداروں سے مطالبہ کیا کہ زخمیوں کو فوری، مؤثر اور معیاری طبی سہولیات فراہم کی جائیں۔
قائد ملت جعفریہ پاکستان نے واضح کیا کہ شرپسند عناصر ملک میں امن و امان کی فضا کو سبوتاژ کرنا چاہتے ہیں، تاہم قوم کے اتحاد اور بیداری سے ملک دشمن عناصر کی تمام سازشوں کو ناکام بنایا جا سکتا ہے۔ انہوں نے دہشت گردی کے خاتمے اور شہریوں کے تحفظ کے لیے ٹھوس اور عملی اقدامات کو یقینی بنانے پر زور دیا۔
انہوں نے واقعے کے حقائق کو فوری طور پر منظرِ عام پر لانے اور ملوث عناصر کو انصاف کے کٹہرے میں لانے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ دارالحکومت اسلام آباد میں دہشت گردی کا واقعہ سیکورٹی اداروں کی کارکردگی پر سنگین سوالیہ نشان ہے، جس کا سنجیدگی سے جائزہ لینا ناگزیر ہے۔
علامہ ساجد علی نقوی نے کہا کہ قوم کو متحد ہو کر دہشت گردی کے ناسور کے خلاف جدوجہد جاری رکھنی ہوگی تاکہ پاکستان کو ایک پُرامن اور محفوظ ملک بنایا جا سکے۔




