سربراہ اسلامی تحریک پاکستان قائد ملت جعفریہ آیت اللہ سید ساجد علی نقوی کی اہلیہ کے انتقال پر تعزیتی سلسلہ جاری
راولپنڈی/اسلام آباد: سربراہ اسلامی تحریک پاکستان و قائد ملت جعفریہ پاکستان آیت اللہ سید ساجد علی نقوی کی زوجہ محترمہ کے انتقال پر ملک بھر میں رنج و غم کی فضا قائم ہے۔ مرحومہ کی نمازِ جنازہ مسجد و امام بارگاہ الصادق میں ادا کی گئی جس میں علماء کرام، مذہبی و سیاسی قائدین، مختلف مکاتب فکر کی شخصیات، کارکنان اور عوام الناس کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
نمازِ جنازہ کے موقع پر مرحومہ کے ایصالِ ثواب، مغفرت اور درجات کی بلندی کے لیے خصوصی دعائیں کی گئیں جبکہ قائد محترم اور اہل خانہ سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار بھی کیا گیا۔
مرحومہ کی دوسری نمازِ جنازہ ان کے آبائی گاؤں ملہووالی، پنڈی گھیپ ضلع اٹک میں ادا کی جائے گی جہاں تدفین کے انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں۔ مختلف مذہبی، سیاسی اور سماجی شخصیات کی جانب سے شرکت اور اظہارِ تعزیت کا سلسلہ جاری ہے۔
سربراہ اسلامی تحریک پاکستان کی اہلیہ کے انتقال پر ملک بھر کے دینی، سیاسی، سماجی اور بین الاقوامی حلقوں کی جانب سے افسوس اور تعزیت کا اظہار کیا جا رہا ہے۔ مختلف وفود نے قائد ملت جعفریہ پاکستان کی خدمت میں حاضر ہو کر اظہارِ تعزیت کیا اور مرحومہ کے لیے دعائے مغفرت کی۔
تعزیتی پیغامات میں کہا گیا کہ قائد محترم کی دینی، ملی اور قومی خدمات ہمیشہ قابل قدر رہی ہیں اور پوری قوم اس غم کی گھڑی میں ان کے ساتھ کھڑی ہے۔ رہنماؤں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ مرحومہ کو اپنی جوارِ رحمت میں جگہ عطا فرمائے اور پسماندگان کو صبر جمیل عنایت کرے۔













