اسلامی تحریک پاکستان کے مرکزی وفد کا گلگت بلتستان کا دورہ
سکردو/گلگت بلتستان: اسلامی تحریک پاکستان کے مرکزی وفد نے گلگت بلتستان کا تفصیلی دورہ کیا، جس کے دوران سکردو، شگر، کھرمنگ اور گلگت میں اہم سیاسی و تنظیمی سرگرمیاں انجام دی گئیں۔
مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ ڈاکٹر شبیر حسن میثمی اور مرکزی سیکرٹری اطلاعات زاہد علی آخونزادہ سکردو پہنچے جہاں صوبائی صدر علامہ شیخ مرزا علی، امام جمعہ سکردو علامہ شیخ حسن جعفری، آغا باقر الحسینی اور دیگر علماء و کارکنان نے پرتپاک استقبال کیا۔
دورے کے دوران وفد نے گلگت بلتستان کے مسائل اور گلگت بلتستان اسمبلی انتخابات 2026 کے حوالے سے مختلف سیاسی و دینی شخصیات سے ملاقاتیں کیں۔ اس سلسلے میں راجہ جلال حسین مقپون سے بھی ملاقات ہوئی جس میں باہمی تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
وفد نے مختلف سانحات کے شہداء کے خاندانوں سے تعزیت، زخمیوں کی عیادت اور تعاون کا یقین دلایا، جبکہ کھرمنگ اور شگر میں تنظیمی شخصیات سے ملاقاتوں اور مدارس کے دوروں کا سلسلہ بھی جاری رکھا گیا۔ شگر میں راجہ اعظم خان کی قیادت میں تاریخی استقبال کیا گیا، جبکہ کچورا میں شمولیتی پروگرام منعقد ہوا۔
اسی دوران جعفریہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن بلتستان ڈویژن کے تحت جشن ولادت امام علی رضا کی تقریب میں شرکت کی گئی جہاں نوجوانوں کو علمی و فکری میدان میں آگے بڑھنے کی تلقین کی گئی۔
اپنے خطابات میں علامہ ڈاکٹر شبیر حسن میثمی نے کہا کہ اسلامی تحریک پاکستان کا مقصد اقتدار نہیں بلکہ خدمت ہے، اور قائد ملت جعفریہ پاکستان آیت اللہ سید ساجد علی نقوی کے مشن سے وابستگی ہی اصل قوت ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوام کی بڑھتی ہوئی شمولیت مثبت تبدیلی کی علامت ہے۔
انہوں نے کارکنان پر زور دیا کہ وہ اتحاد و نظم کے ساتھ جماعت کو مضبوط کریں اور خطے کے آئینی و قانونی حقوق کے حصول کیلئے جدوجہد جاری رکھیں۔
بعد ازاں وفد گلگت پہنچا جہاں کارکنان نے بھرپور استقبال کیا۔ اس موقع پر کارکنان و علماء کے اہم اجلاس، شمولیتی سرگرمیوں اور تنظیمی ملاقاتوں کا انعقاد کیا گیا، جبکہ پروگرام کا اختتام دعائے سلامتی امام زمانہؑ پر کیا گیا۔

























