سربراہ اسلامی تحریک قائد ملت جعفریہ پاکستان علامہ سید ساجد علی نقوی ہولوکاسٹ کے عالمی دن پر پیغام دیتے ہوئے

سربراہ اسلامی تحریک قائد ملت جعفریہ پاکستان علامہ سید ساجد علی نقوی کا ہولوکاسٹ ڈے پر پیغام

سربراہ اسلامی تحریک، قائد ملت جعفریہ پاکستان علامہ سید ساجد علی نقوی

سامراجی و صہیونی دہشت گردی کے سامنے نازیوں کا غیر انسانی رویہ بھی ہیچ

راولپنڈی / اسلام آباد — 27 جنوری 2026

سربراہ اسلامی تحریک اور قائد ملت جعفریہ پاکستان علامہ سید ساجد علی نقوی نے کہا ہے کہ سامراجی و صہیونی دہشت گردی کے سامنے تاریخ میں نازیوں کا غیر انسانی رویہ بھی ہیچ ہوچکا ہے۔ ہولوکاسٹ ایک قبیح فعل تھا، اگرچہ اس پر تاریخی اعتراضات موجود ہیں، مگر آج غزہ، مغربی کنارہ، خان یونس، بیت المقدس، شام اور لبنان میں ہونے والے مظالم سامراجی و صہیونی توسیع پسندانہ عزائم اور دہشت گردی کے ناقابلِ تردید ثبوت ہیں۔

ہولوکاسٹ کے متاثرین کی یادداشت کے عالمی دن پر اپنے پیغام میں سربراہ اسلامی تحریک، قائد ملت جعفریہ پاکستان علامہ سید ساجد علی نقوی نے کہا کہ ظلم جہاں بھی ہو، ظلم ہی کہلاتا ہے۔ تاریخ میں نازیوں کا طرزِ عمل غیر انسانی تھا، تاہم ہولوکاسٹ سے متعلق بھی سوالات اور اعتراضات اٹھتے رہے، اس کے باوجود عالمی سطح پر اس موضوع پر تنقید تک محدود رہی۔

انہوں نے کہا کہ اس کے برعکس سامراجیت و صہیونیت نے غزہ، مغربی کنارہ، خان یونس اور بیت المقدس کے ساتھ جو کچھ کیا اور جو تباہی شام و لبنان پر مسلط کی گئی، وہ حیوانیت، درندگی اور شیطانیت کی بدترین مثال ہے۔ یہ مظالم عالمی میڈیا، رپورٹس اور غزہ ملین مارچ جیسے تاریخی مظاہروں کے ذریعے دنیا کے سامنے آئے۔

قائد ملت جعفریہ پاکستان علامہ سید ساجد علی نقوی نے کہا کہ غزہ سے بیروت اور بیت المقدس سے دمشق تک ہونے والی تباہی دن کی روشنی میں ہوئی۔ بچوں، خواتین اور بزرگوں کی شہادتیں، بھوک، پیاس اور بے گھری سامراجی و صہیونی دہشت گردی کے ایسے ثبوت ہیں جنہیں کوئی پراپیگنڈہ مٹا نہیں سکتا۔

انہوں نے افسوس کا اظہار کیا کہ اقوام متحدہ اور بعض طاقتور ممالک نے مفادات کی خاطر مجرمانہ خاموشی اختیار کر رکھی ہے اور ’’بورڈ آف پیس‘‘ کے نام پر ایک نیا کھیل شروع کیا جا رہا ہے، تاہم وہ وقت دور نہیں جب دنیا سے ہر ظلم کا خاتمہ ہوگا اور ہر ظالم کو جواب دینا پڑے گا۔