قائد اعظم ؒ کی تحریک نے مسلمانوں کو پاکستان جیسی عظیم نعمت سے نوازا، علامہ شبیر حسن میثمی
اسلام آباد، 25 دسمبر 2025ء:
مرکزی سیکرٹری جنرل اسلامی تحریک پاکستان علامہ ڈاکٹر شبیر حسن میثمی نے یومِ ولادت بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناحؒ کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ برصغیر پاک و ہند میں قائد اعظمؒ کی قیادت میں چلنے والی تحریک نے مسلمانوں کو پاکستان جیسی عظیم نعمت سے نوازا، جو ایک منظم، نظریاتی اور اسلامی تشخص کی حامل ریاست کے طور پر معرضِ وجود میں آیا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کی بنیاد “لا الہ الا اللہ” پر رکھی گئی، اور یہ ملک تمام مسلمانوں کی مشترکہ جدوجہد کا نتیجہ ہے۔ ہمیں اللہ تعالیٰ کا شکر ادا کرنا چاہیے کہ اس نے قائد اعظم محمد علی جناحؒ جیسا مدبر، دیانت دار اور دور اندیش رہنما عطا فرمایا، جس نے غلامی کی زنجیروں کو توڑ کر ایک آزاد ریاست مسلمانوں کے سپرد کی۔
علامہ شبیر حسن میثمی نے کہا کہ علامہ محمد اقبالؒ کی فکری رہنمائی اور قائد اعظم کی سیاسی جدوجہد کی بدولت پاکستان ایک نظریاتی ریاست کے طور پر قائم ہوا، جس کی وجہ سے آج بھی استعماری اور مغربی قوتیں پاکستان کے نظریے سے خائف نظر آتی ہیں۔
انہوں نے عالمی حالات پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آج دنیا جن سنگین مسائل سے دوچار ہے، ان کی ایک بڑی وجہ ایک شیطانی، غاصب صیہونی ریاست ہے۔ قائد اعظم محمد علی جناح کی دور اندیشی کا ثبوت یہ ہے کہ انہوں نے واضح الفاظ میں فرمایا تھا کہ اسرائیل ایک ناجائز ریاست ہے، جسے امت مسلمہ کے قلب میں گھسایا گیا، اور پاکستان کبھی اسے تسلیم نہیں کرے گا۔ تاریخ آج بھی قائد اعظم کے ان الفاظ کی صداقت پر مہر ثبت کر رہی ہے۔
مرکزی سیکرٹری جنرل نے مزید کہا کہ پاکستان کو درپیش اندرونی و بیرونی چیلنجز کا حل قائد اعظم کی سوچ اور ان کے طرزِ سیاست میں پوشیدہ ہے۔ انہوں نے مذہبی آزادی کو آئینی حق قرار دیتے ہوئے واضح کیا کہ کسی بھی فرد یا طبقے کی مذہبی آزادی پر قدغن لگانا نہ صرف غیر اخلاقی بلکہ آئینی جرم ہے۔
آخر میں انہوں نے کہا کہ قائد اعظم محمد علی جناح کے افکار کی روشنی میں قوم کو اتحاد، تنظیم اور یقینِ محکم کے اصولوں پر عمل پیرا ہو کر لاقانونیت، غربت، افلاس اور دیگر قومی مسائل کا خاتمہ کرنا ہوگا۔ بانی پاکستان کے فرامین پر عمل کر کے ہی وطن عزیز کو ترقی، استحکام اور خوشحالی کی راہ پر گامزن کیا جا سکتا ہے۔




