سربراہ اسلامی تحریک قائد ملت جعفریہ پاکستان علامہ سید ساجد علی نقوی نے کہا ہے کہ ملکی سلامتی و استحکام کے لیے ہماری جدوجہد تسلسل کے ساتھ جاری ہے۔ اس راہ میں زندگی کے مختلف شعبہ ہائے حیات سے وابستہ محب وطن اور مخلص شخصیات نے عظیم قربانیاں پیش کیں اور قیمتی جانوں کے نذرانے دینے سے بھی دریغ نہیں کیا۔
انہوں نے ممتاز قانون دان، سیاسی و سماجی شخصیت اور ملی پلیٹ فارم کے صوبائی رہنما شہید سید ذوالفقار حسین نقوی ایڈووکیٹ کی 29ویں برسی کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا کہ شہید نے اعلیٰ و ارفع مقاصد کے حصول کے لیے مسلسل جدوجہد کی اور ایک پاکیزہ مشن کی تکمیل کرتے ہوئے راہِ حق میں درجہ شہادت پر فائز ہوئے۔
علامہ ساجد نقوی نے واضح کیا کہ عوام کے آئینی اور شہری حقوق کا دفاع اور تحفظ ہماری جدوجہد کا مرکز و محور رہا ہے۔ اسی تناظر میں سید ذوالفقار حسین نقوی ایڈووکیٹ نے عوام کے قانونی حقوق کے لیے نمایاں کردار ادا کیا اور شریف، مہذب، قانون پسند اور محب وطن شہریوں کو انصاف کی فراہمی کے لیے انتھک محنت کی۔
قائد ملت جعفریہ پاکستان نے مزید کہا کہ شہید ذوالفقار حسین نقوی ایڈووکیٹ کی ملی، قانونی اور سماجی خدمات کو خراجِ عقیدت پیش کرنے کا تقاضا ہے کہ ان کے مثبت کردار اور اصولی جدوجہد کو مشعلِ راہ بنایا جائے تاکہ معاشرے میں عدل، انصاف اور قانون کی بالادستی کو فروغ دیا جا سکے۔
برسی کے اس موقع پر علامہ سید ساجد علی نقوی نے شہید ذوالفقار حسین نقوی ایڈووکیٹ اور شہداء ملت کے درجات کی بلندی، وطن عزیز پاکستان کے استحکام، سلامتی اور ترقی کے لیے خصوصی دعا بھی کی۔





