علامہ ڈاکٹر شبیر حسن میثمی مہنگائی کی شرح میں اضافے پر اظہار تشویش کرتے ہوئے

ملک میں مہنگائی کی شرح میں اضافہ تشویشناک ہے سیکرٹری جنرل اسلامی تحریک پاکستان علامہ شبیر حسن میثمی

مرکزی سیکرٹریٹ اسلامی تحریک پاکستان

اسلامی تحریک پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ ڈاکٹر شبیر حسن میثمی نے ملک میں بڑھتی ہوئی مہنگائی پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہفتہ وار مہنگائی کی شرح میں 0.79 فیصد اضافہ انتہائی افسوسناک اور عوام کیلئے خطرے کی گھنٹی ہے۔ مہنگائی کے مسلسل بڑھتے ہوئے طوفان نے غریب، مزدور، دیہاڑی دار اور متوسط طبقے کی زندگی کو شدید متاثر کر دیا ہے جبکہ روزمرہ استعمال کی اشیاء کی قیمتیں عام آدمی کی پہنچ سے باہر ہوتی جا رہی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اشیائے خوردونوش، آٹا، چینی، گھی، سبزیاں، بجلی اور گیس کی قیمتوں میں مسلسل اضافے نے عوامی مشکلات میں بے پناہ اضافہ کر دیا ہے۔ عوام پہلے ہی معاشی دباؤ اور بے روزگاری کا شکار ہیں جبکہ مہنگائی میں مزید اضافہ حکومتی معاشی پالیسیوں پر سوالیہ نشان ہے۔

علامہ ڈاکٹر شبیر حسن میثمی نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ فوری طور پر مہنگائی پر قابو پانے کیلئے عملی اقدامات کیے جائیں، ذخیرہ اندوزوں اور ناجائز منافع خوروں کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے اور عوام کو بنیادی ضروریات زندگی میں حقیقی ریلیف فراہم کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ صرف اعلانات سے مسائل حل نہیں ہوں گے بلکہ حکومت کو عملی طور پر عوامی مشکلات کم کرنے کیلئے جامع معاشی حکمت عملی اختیار کرنا ہوگی۔

انہوں نے مزید کہا کہ اگر مہنگائی کے بڑھتے ہوئے رجحان کو فوری طور پر نہ روکا گیا تو غریب عوام کی مشکلات میں مزید اضافہ ہوگا۔ حکومت کی ذمہ داری ہے کہ عوامی اعتماد بحال کرنے کیلئے فوری اور مؤثر فیصلے کرے تاکہ عام شہری کو ریلیف مل سکے۔